بانیٔ پی ٹی آئی کی مبینہ سہولت کاری، جیل افسران و اہلکاروں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ

eAwazپاکستان

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے افسران کی جانب سے بانیٔ پی ٹی آئی کی مبینہ سہولت کاری کا معاملہ سامنے آنے پر عمران خان کے سیل کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی سیل کے اطراف تعینات رہیں گے، سیل کے اطراف جیل کے عملے کو ہفتہ وار تبدیل کیا جائے گا۔

جیل کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران جیل کے عملے کو صحافیوں، وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ جیل کے اندر رہائش پزیر اہلکاروں کی بھی مکمل تلاشی لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سیکیورٹی اداروں نے کل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم کو تحویل میں لیا ہے، جن پر بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے جاسوسی، پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل بلال سے بھی سیکیورٹی اداروں نے کل رات پوچھ گچھ کی ہے۔