تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا: مسلم لیگ (ن)

eAwazپاکستان

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہےکہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

جیونیوز پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاکر بہت بڑی غلطی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے ایک رائے موجود ہے اور ہم سادہ اکثریت والی حکومت نہیں ہیں، اس سلسلے میں تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد اعلان ہوگا۔

ڈاکٹر طارق فضل کا کہنا تھا کہ سپریم کورت کے کسی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کی بات نہ کسی نے کی اور نہ ہی کسی کو اس بارے میں سوچنا چاہیے، وہ ہمارا آئینی ادارہ ہے اور سب سے بڑی عدالت ہے، اس کا حکم سر آنکھوں پر، حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے منع کرنے پر عمران خان چار سالہ دور اقتدار میں اپنے بیٹوں سے نہیں ملے۔