تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل کو ہو گی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

eAwazپاکستان

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر 3 یا 4 اپریل پر ووٹنگ ہو گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد والے روز اپوزیشن کے تمام ارکان کی مکمل حفاظت کریں گے، کسی کو نہیں روکا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ناظم جوکھیو کیس میں نامزد ایم این اے جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جا رہا ہے، قانون کے مطابق انہیں عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی، ہم انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کریں گے، ڈی جی ایف آئی اے کو کہا ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کریں، سندھ پولیس کے آئی جی کو بھی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سب کو جلسے کی اجازت ہے لیکن سب کان کھول کر سن لیں کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن بے وقوف ہے، انہوں نے عمران خان کو انہوں نے مقبولیت کی معراج پر پہنچا دیا ہے، شہر کی فضا عمران خان کے حق میں بدل چکی ہے اور تحریک عدم اعتماد کے روز عمران خان ہی جیتے گا۔