امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بہت بڑی تعداد میں عوام جماعتِ اسلامی کی ممبر شپ حاصل کر رہے ہیں، ہمارا دھرنوں اور احتجاج کا سلسلہ وسعت اختیار کرے گا، ملک بھر میں بڑے بڑے مظاہرے کریں گے اور دھرنے دیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا ہے کہ ’حق دو عوام کو‘ تحریک دوسرے فیز میں داخل ہو رہی ہے، شاہراہوں پر دھرنے دیں گے تاکہ عوام کو پتہ چلے کہ جماعتِ اسلامی ان کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی عوام کی نمائندگی کر رہی ہے، ہر طرف نااہلی اور کرپشن ہے، ہم عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں، عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کو معیاری تعلیم اور صحت نہیں مل رہی، ایسی سیاست نہیں چل سکتی کہ آپ صرف باتیں کرتے رہیں، ہمیں عملی طور پر میدان میں نکلنا پڑتا ہے اسی لیے احتجاج کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ چند لوگوں کو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے اس لیے ہم پریہ ٹیکس لگتے ہیں، عوام کے حقوق کی تحریک پارٹی بازی کے لیے نہیں، یہ پاکستان کے 25 کروڑ لوگوں کا مقدمہ ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کا مزید کہنا ہے کہ ایسا نظام ہے جس کے نتیجے میں ہم برباد ہوتے چلے جا رہے ہیں، ہم نے ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کیا، ہم نے حکومت کو موقع بھی دیا اور عوامی رابطے کو بھی جاری رکھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کو 1 سال ہو گیا ہے، اسرائیل نے اب لبنان پر حملے شروع کر دیے ہیں، ایک ہفتہ ہم غزہ اور لبنان کے لوگوں کے نام کریں گے۔