دھمکیاں دینا وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کو زیب نہیں دیتا: طلال چوہدری

eAwazپاکستان

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کو دھمکیاں دینا زیب نہیں دیتا۔

ایک ویڈیو پیغام میں طلال چوہدری نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ کو جلسے کے حوالے سے دیے گئے حلف نامے کی بے توقیری کی گئی، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے حواریوں نے اسلام آباد پولیس پر حملے کیے۔

طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ملکی اداروں کو جلسے میں دھمکیاں دی گئیں، جلسے میں صرف بڑھکیں ہی بڑھکیں تھیں، گولیاں غیرت مند کھاتے ہیں، ضرورت مند نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے، جلسے اور دھمکیاں کوئی نئی بات نہیں، نہ این آر او ملے گا] نہ گناہوں کی معافی ملے گی، 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانے کے پیسے واپس کیے جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شعبدہ بازی اور ڈرامے بازی سے حکومتیں نہیں چلتیں، پاکستان میں سیاسی استحکام کے لیے ڈنکے کی چوٹ پر قانون سازی کریں گے۔