وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں، افغان عبوری حکومت کو کئی بار کہا کہ دوحا معاہدے پر عمل کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں اور کئی پاکستانیوں کو شہید کر چکی ہیں۔ پاکستانی عوام، افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمسائے تبدیل نہیں کیے جا سکتے، اب فیصلہ ہمیں کرنا ہے کہ اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا ہے یا تنازعات میں الجھنا ہے۔
بیلا روس کے دورے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ زراعت، معدنیات اور مشینری میں تعاون پر بات ہوئی، بیلا روس کے ساتھ زرعی مشینری کی تیاری میں جوائنٹ وینچر ہوگا، اور ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو وہاں روزگار دینے پر مفاہمت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے، اوورسیز پاکستانی کنونشن میں بیرون ملک پاکستانیوں سے ملاقات ہوگی اور ان کے مسائل سنے جائیں گے۔