سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے، وفاقی حکومت نے ایک ‘ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ’ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو عوام کو متعلقہ حکام کی جانب سے کیے گئے امدادی اقدامات سے باخبر رکھے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ ڈیش بورڈ وزیرِ منصوبہ بندی اور نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے سربراہ احسن اقبال (آج) پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لانچ کریں گے۔
یہ ڈیش بورڈ عام لوگوں کو ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے موصول اور ان میں تقسیم کی گئی مالی امداد اور امدادی سامان کے بارے میں براہ راست معلومات فراہم کرے گا۔
وزیراعظم ذاتی طور پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی نگرانی کریں گے، جنہوں نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ سیلاب زدگان کے لیے ملنے والی مالی امداد کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایک معروف آڈٹ فرم سے کرایا جائے گا۔
وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زندگی کی سرگرمیاں بحال کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور سڑکوں، پلوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر امدادی اقدامات کی بحالی میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ متاثرین میں اشیائے خور و نوش سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجتماعی میکانزم اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون پر زور دیتے ہوئے انہوں نے سڑکوں کی جلد بحالی اور صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے ایک جامع حکمت عملی کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔