شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد

eAwazپاکستان

اسلام آباد: شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد
داروں کے خلاف اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔

واضح رہے کہ منگل کے روز پی ٹی آئی رہنما کو اسلام آباد پولیس نے بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

شہبازگل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا، ملزم شہباز گل کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں پیشی کے دوران وکلا کی درخواست پر شہباز گل کی ہتھکڑی کھول دی گئی، عدالت نے لیگل ٹیم کو شہباز گل سے ملاقات کی اجازت بھی دی۔

دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے پتا چلا کہ دوسرا موبائل بھی ان کے پاس ہے جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ہمارے ذرائع نے بتایا کہ ان کے پاس دوسرا موبائل بھی تھا۔

شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ موبائل لینا چاہتے ہیں جس میں ان کی تمام سیاسی مصروفیات ہیں، جو رٹی رٹائی تقریر انہوں نے کی اس میں کچھ بھی نہیں ہے، پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے فزیکل ریمانڈ کی ضرورت ہی نہیں ہے، وہ ٹیسٹ ویسے بھی کرایا جا سکتا ہے۔

فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ فوجی ادارے یا دیگر اداروں کا سب احترام کرتے ہیں، اب یہ چاہتے ہیں کراچی، اسکردو، شمالی علاقہ جات لے کر جائیں، ایف آئی اے ان کے ہاتھ میں ہے یہ کیس میں میرا اور آپ کا نام بھی ڈال دیں گے۔

شہباز گل کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ ایک کیس میں 2 مقدمے نہیں ہو سکتے، کراچی کے مقدمے میں ملزم کو اسی روز عدالت نے رہا کرنے کا حکم دیا، ایک ہی قسم کے الزامات ایک ہی قسم کے ملزم ہیں، کراچی کی عدالت نے ملزم کو رہا کر دیا۔

شہباز گل کے وکیل نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ملک کے لیے مضبوط فوج ضروری ہے، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، شہباز گل کو کبھی ایک تھانے، کبھی دوسرے تھانے کبھی تیسرے تھانے میں رکھا جاتا ہے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا میڈیا ٹرائل نہیں ہو رہا، قانونی کاروائی آگے بڑھا رہے ہیں، شہباز گل کی ایف آئی اے فرانزک رپورٹ مثبت آئی ہے ،شہباز گل کا ٹرانسکرپٹ اداروں کے خلاف ہے۔

پراسیکوٹر نے مزید کہا کہ جب موبائل مل جائے گا فرانزک ہو جائے گا تو پتا چل جائے گا۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جس کے بعد شہباز گل کو کمرہ عدالت سے بخشی خانہ منتقل کردیا گیا تھا۔