راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب رانا عبدالجبار کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے دائر درخواست میں چیف منسٹر ،چیف سیکرٹری ، اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن کی تعیناتی خلاف قانون ہے۔
درخواست کے مطابق 20 ویں گریڈ کے افسر کو ڈی جی اینٹی کرپشن نہیں لگایا جا سکتا ۔ رانا عبدالجبار کا رانا ثنااللہ کے ساتھ تعلق ہے، اسی بنیاد پر انہیں ڈی جی اینٹی کرپشن لگایا گیا ہے ۔ رانا عبدالجبار کے خلاف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رانا عبدالجبار کو بطور ڈی جی اینٹی کرپشن کام سے فوری روکا جائے ۔