راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہےکہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتے ہیں۔
اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہے، بجلی کے نرخ بڑھانے جا رہے ہیں، آپ اس ملک میں چھیناجھپٹی چاہتے ہیں، آپ حالات اتنےخراب کردیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے، غریب زندہ مرگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتا ہوں، میں نے بطور وزیر 5سال معافی دی، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا بھی ستیاناس کیا، بہتر ہے ہمیں 2،2 سال سزا بنتی ہے وہ دیتے تو کاٹ لیتے، 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو 10سال ختم نہیں ہوتے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ آپ نے صنم جاوید کو وکیل کے چیمبر سے گرفتار کیا ہے، ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچائیں، ملک کینیا بنتا جا رہا ہے،کے پی اور بلوچستان میں کیا حالات ہیں ، خدا کے لیے اپنی عزت اور ملک بچائیں۔