اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں صدر مملکت عارف علوی سمیت شاہ محمود، جہانگیر ترین، علیم خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو بری کردیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس کا فیصلہ سنادیا جس میں صدر پاکستان عارف علوی سمیت متعدد وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو باعزت بری کردیا گیا ہے۔
بری ہونے والوں میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، علیم خان، اسد عمر، شفقت محمود، سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، راجہ خرم نواز اور دیگر پی ٹی آئی رہنما شامل ہیں۔
مقدمے کا فیصلہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے فیصلہ سنایا جس میں وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی مجموعی طور پر 82 بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا گیا۔
واضح رہے کہ 9 مارچ کو عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج سنایا گیا۔ عدالت نے صدر عارف علوی کی استثنی ختم کرنے کی درخواست منظور کی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں تحریک انصاف کے 2014ء کے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی پر حملے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں عمران خان، موجودہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو نامزد کیا گیا تھا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت وزیراعظم عمران خان کو پہلے ہی اس مقدمے میں بری کرچکی ہے بقیہ تمام پی ٹی آئی قیادت کو آج بری کیا گیا۔