اسلام آباد: خیبر پختون خوا، راولپنڈی، ملتان، لاہور اور کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 14 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت سندھ اور بلوچستان میں پہلے مون سون اسپیل کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بذریعہ ٹوئٹر ملک میں ہونے والی بارشوں کے اعدادو شمار جاری کیے۔
شیری رحمان نے پی ایم ڈی کے اعداد و شمار جاری کیے جس میں انہوں نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان میں انتہائی زیادہ اوسط کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ یکم جولائی سے 9 جولائی تک دونوں صوبوں میں 30 سال کے دوران اوسطاً زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔
پی ایم ڈی کے اعدادو شمار میں یکم جولائی سے 9 جولائی تک ہونے والی بارشوں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں جس کے مطابق بلوچستان میں 9 روز کے دوران 45.9 اور سندھ میں 72.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں آج شام تک تیز بارش ہوسکتی ہے تاہم آئندہ تین دنوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 جولائی کے بعد سے شہر میں ایک اور اسپیل داخل ہوگا جو اچھی بارش برسا سکتا ہے۔