عثمان بزدار کے سابق پرنسپل سیکرٹری کروڑوں روپے رشوت کے الزام میں اینٹی کرپشن میں طلب

eAwazپاکستان

لاہور: اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سابق پرنسپل سیکرٹری کو رشوت کے الزام میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق عثمان بزدارکے سابق پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید پر رشوت ستانی کا الزام ہے جس حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے انہیں 6 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ طاہر خورشید پر سرکاری منصوبوں میں کروڑوں روپے رشوت وصول کرنے کے الزامات ہیں، ان پر افسران کی ٹرانسفرپوسٹنگ کے لیے بھی پیسے لینے کا الزام ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق طاہر خورشید پر سڑکوں کے ٹینڈرز کی منظوری دینے کے لیے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہے، ان پر اور وسیم طارق پر پراجیکٹ کےاضافی فنڈزکی منظوری کے لیے بھی کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو وسیم طارق کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔