عزم استحکام آپریشن سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، وزیراعظم

eAwazپاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عزم استحکام آپریشن سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں اس آپریشن سے آبادیوں کی نقل مکانی نہیں ہوگی اور یہ مخصوص علاقے میں نہیں ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اجلاس کو عزم استحکام آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، عزم استحکام آپریشن ماضی کی طرح بڑے آپریشن سے مختلف ہے، اس آپریشن سے آبادیوں کو نقل مکانی نہیں ہوگی اور یہ مخصوص علاقے میں نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی لڑائیوں کے بجائے اس آپریشن کو سپورٹ کرنا ہوگا، انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام تمام پہلوؤں پر مشتمل ایک قومی وژن ہے جس میں سیاسی سفارتی اور دیگر پہلو بھی ہوں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم نے بجٹ اجلاس کے دوران وزراء کو پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔