عمران خان نے 2 جولائی کو اسلام آباد میں احتجاج کے منصوبے کا اعلان کردیا

eAwazپاکستان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں امریکا کی سازش کے تحت مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کی قیادت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کی جانب سے یہ اعلان فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 6 روز کا ‘الٹی میٹم’ دینے کے ساتھ آزادی مارچ ختم کرنے کے فیصلے کے ٹھیک ایک ماہ بعد کیا گیا ہے۔

چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بڑھتی مہنگائی کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر، پرویز خٹک، اسد قیصر اور عامر محمود کیانی سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی اور علاقائی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران نظر آنے والی لاقانونیت کی مذمت کرتے ہوئے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

رہنماؤں نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پیدا صورتحال کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے منصفانہ، شفاف اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد میں ناکامی قرار دیا، تاہم، میٹنگ کے دوران خیبر پختونخوا کے حلقے پی کے7 سوات میں پی ٹی آئی کی واضح فتح پر ‘خوشی’ اور ‘اطمینان’ کا اظہار کیا جہاں پی ٹی آئی نے 13 سیاسی جماعتوں کی حمایت یافتہ اے این پی کے امیدوار کو بڑی شکست دی۔

نیوز سورس ڈان نیوز