پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی مدعیت میں 24 نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں میں علی احمد اعوان، عامر محمود کیانی، واصف قیوم اور چوہدری شعیب شامل ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔
متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان کے پتھراؤ سے ایف سی کے 9 اور پولیس کے 5 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تیس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔
واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔
فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔