غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی اور بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے؛ وزیرِ خارجہ

eAwazپاکستان

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ او آئی سی کے رکن ممالک فوری طور پر غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی اور بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

گیمبیا میں او آئی سی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیرِ خارجہ نے خود مختار فلسطینی ریاست اور اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کیلئے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی ممالک غزہ میں جنگ بندی اور بلاتعطل انسانی امداد کیلئے مل کر کام کریں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، او آئی سی جموں و کشمیر سے متعلق ایکشن پلان پر عملدرآمد کرے، اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے اسلاموفوبیا پر خصوصی ایلچی کی تقرری قابل ستائش ہے، بھارتی رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہے، پاکستان کو بیرونی اسپانسرڈ دہشت گردی کا سامنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی عالمی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، اوآئی سی ممالک موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کریں۔