قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا؛ حکومت

eAwazپاکستان

حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیر اعظم کے دورہ قطر کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں اور دورے کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے اور موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے دورے کے دوران پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جبکہ امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری، تجارتی تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قطر توانائی، مائنز اینڈ منرلز اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، سعودی عرب کی مشہور فاسٹ فوڈ چین بھی پاکستان آرہی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا، سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہوچکی ہے، 27 ایم او یوز سے بڑھ کر 34 ایم او یوز ہوگئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے آگے بڑھ چکے اب معاشی استحکام کی جانب گامزن ہیں، پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے۔