قومی اسمبلی نے اقلیتوں کے تحفظ کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہونے والے بجٹ سیشن کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سوات واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، پاکستان کسی ایک شخص کا نہیں بلکہ یہاں رہنے والے سارے پاکستانی برابر کے شہری ہیں، یہاں رہنے والے ہندو، عیسائی اور سکھ بھی برابر کے پاکستانی ہیں۔
بعد ازاں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قرارداد پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
وزیر قانون کی پیش کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ کو وفاقی و صوبائی حکومتیں یقینی بنائیں، اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی توہین مذہت کے نام پر جڑانوالہ، سیالکوٹ اور سرگودھا میں پیش آنے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے واقعات پوری قوم کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں، ہمیں ان واقعات کو سختی سے روکنا ہو گا۔