اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق کیس میں اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
اسلام آباد پولیس کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایت دی اور سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوئے، اس دوران 700 سے 800 مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ریڈ زون میں مظاہرین کے داخلے کے دوران 21 شہری زخمی ہوئے، پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسوگیس کا استعمال بھی کیا، تحریک انصاف کے کارکن اسلحہ سے لیس تھے اور ڈنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔
رپورٹ میں مزید بتایاگیا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کا کہا گیا، پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے مظاہرین کو روکنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن مظاہرین نے کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں ہٹائیں۔