محسن نقوی کی میانوالی میں دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش

eAwazپاکستان

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے میانوالی میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی ہے۔

ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ تھانہ عیسیٰ خیل کی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں نے 14 خارجیوں کا مقابلہ کیا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوانوں کی صلاحیتوں اور دلیری کو سراہتا ہوں۔

واضح رہے کہ میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ مؤثر جوابی کارروائی کے بعد ناکام بنا دیا، حملہ آور فرار ہو گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر راکٹ اور دستی بموں سے حملہ کیا، حملے میں 2 پولیس جوان معمولی زخمی ہوئے۔