سندھ اسمبلی نے محکمۂ ایکسائز کا ترمیمی بل متفقہ رائے سے منظور کر لیا۔
بل وزیر ایکسائز سندھ شرجیل میمن نے ایوان میں پیش کیا تھا۔
ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تمام اسمبلی ممبران کا شکر گزار ہوں، بل اتفاق رائے سے منظور ہوا، اسمبلی کے تمام ممبران و سیاسی جماعتوں کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ منشیات جیسی لعنت کے خلاف پوری اسمبلی متحد ہے، منشیات کے خلاف کئی تحریک یا قرارداد آئیں، منشیات کے خلاف ہر ممبر اپنے آپ کو وزیر تصور کرے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز سمیت تمام فورسز مدد کے لیے تیار ہیں، ڈی جی رینجرز نے منشیات کے خلاف رضا کارانہ طور پر فورس دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، ہمیں نئی نسل کو درست راہ پر لانا ہے، ہر محکمے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
صوبائی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف قانون پر من و عن عمل ہو گا، منشیات فروش کتنا بھی طاقتور ہو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔