مستونگ میں گرلز ہائی اسکول سول اسپتال چوک پر بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 اسکول کے بچے اور 1 پولیس اہلکار شامل ہے جبکہ زخمیوں میں بھی زیادہ تر اسکول کے بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں، ریموٹ کنٹرول دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔
بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے سے 1 پولیس موبائل بھی تباہ ہوئی ہے۔
بم دھماکے میں چوک پر موجود دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کی آواز قریبی علاقوں میں بھی سنی گئی جس کے بعد پولیس اور ریسکیو کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا تھا۔
حکومتِ بلوچستان نے مستونگ میں اسکول کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔
ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کے مطابق ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔