کراچی: ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے انٹربینک ریٹ 181 اور اوپن مارکیٹ ریٹ 182 سے بھی تجاوز کرگئے۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور ریکوڈک کیس کا آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ جیسی مثبت خبروں کے باوجود پیر کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی تیز رفتار اڑان جاری رہی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے انٹربینک ریٹ 181 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ ریٹ 182 روپے کی نئی بلند ترین سطح سے بھی تجاوز کرگئے۔
ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کے معاملات طول اختیار کرنے اور سیاسی افق پر غیر یقینی صورت حال زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر اثرانداز رہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ تیل کی درآمدات کی مد میں ادائیگیوں اور دیگر اشیاء کی درآمدات کی ادائیگیوں کی وجہ سے ڈالر کی رسد کے مقابلے میں طلب بڑھ گئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی گزشتہ کئی ہفتوں سے تنزلی کا شکار ہیں۔
مارکیٹ میں روپے کی قدرپر دباؤ کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 67 پیسے بڑھ کر 181.24 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی اور اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 80 پیسے کے اضافے سے 182.50 روپے کی نئی بلند سطح پر بند ہوئی۔
نیوز سورس ایکسپرس نیوز