ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے اور نماز عید کے بعد امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جاتی امرا لاہور میں عید کی نماز ادا کی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی ان کے ساتھ ہی نماز عید ادا کی۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی، نماز عید کے بعد لوگوں سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔
کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا سرکاری اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، ایم کیوایم رہنما خالد مقبول صدیقی، عامر خان اور وسیم اختر سمیت مختلف اداروں کے سربراہان اور معززین نے نماز عید ادا کی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں نماز عید پڑھائی جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نماز عید ادا کی۔