ملک معاشی تباہی میں داخل ہوگیا، کسی دن سری لنکا بن سکتا ہے: شیخ رشید

eAwazپاکستان

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ پاکستان معاشی تباہی میں داخل ہوگیا اور کسی دن سری لنکا بن سکتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کیا ہے ،کل نہیں تو پرسوں پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گے، چوہدری شجاعت پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری خرید و فروخت کی منڈی لگاتے ہیں، مجھے چوہدری شجاعت کے پاس بھی جانا پڑا توجاؤں گا۔

شیخ رشید نے سوال کیا کہ موجودہ حکومت کو 3 ماہ ہوگئے ہیں، نوازشریف کیوں نہیں آرہے؟

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے حق میں درخواست دائر کی ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے کوئی نہیں روک سکتا، ان کا ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا، نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف بھی آنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے اس کی اپیل دائر کردی ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان معاشی تباہی میں داخل ہوگیا ہے، کسی دن سری لنکا بن سکتا ہے، گندم،گھی اور پیٹرول کیسے خریدا جائے گا،قرضوں کی ادائیگی کیسے ہوگی؟

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی قیامت کو جنم دے رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف تخت لاہور نہیں، حکومت نہیں ملک بچائیں ورنہ گھر جائیں، نومبرتک الیکشن میں جانا چاہیے، اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں، پھر کوئی بھی حکومت نہیں کر پائے گا۔