وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مل کر ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے، ملک مشکلات میں گھرا رہا تو تاریخ ہمیں اور ہماری نسلوں کو معاف نہیں کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے سے وفاق میں حکومت قائم ہوئی ہے، عوام کے فیصلے کا سب کو احترام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 500 ارب روپے سالانہ بجلی کی چوری ہے، ٹیکس ہمیں اب کم کرنا چاہیے، ٹیکس بیس کو بڑھانا چاہیے۔ پچھلے چار دنوں میں معاشی مسائل پر لگاتار اجلاس کیے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ہوشربا چیلنجز درپیش ہیں، ہماری جڑیں معاشی طور پر کھوکھلی کی جارہی ہیں۔ ہمیں مل کر اس کشتی کو پار لگانا ہے، اگر یہ کشتی ہچکولے کھاتی رہی تو تاریخ ہمیں اور ہماری نسلوں کو معاف نہیں کرے گی۔