منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز اشتہاری قرار

eAwazپاکستان

اسپیشل کورٹ لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز اور ملزم طاہر نقوی کو اشتہاری قرار دے دیا۔

سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو اشتہاری قرار دینے کے ساتھ ملزمان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

اس کے علاوہ عدالت نے شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے شریک ملزم مقصود کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی تفصیل بھی طلب کر لی ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے نومبر 2020 میں شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ اور سلیمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

28 مئی کو سلیمان اور طاہر نقوی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، اسی سماعت پر عدالت نے ایک اور ملزم ملک مقصود عرف مقصود ‘چپڑاسی’ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جن کا گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں انتقال ہو گیا تھا۔

11 جون کو ایف آئی اے نے سلیمان، طاہر نقوی اور مقصود کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے بارے میں رپورٹ پیش کی تھی، ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ وارنٹ پر عملدرآمد نہیں ہو سکا کیونکہ سلیمان اپنے پتے پر موجود نہیں تھے اور بیرون ملک چلے گئے ہیں۔