NEPRA

نیپرا نے بجلی 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

eAwazپاکستان

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش پر پاور کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے لیے 2.86 روپے فی یونٹ اور کے الیکٹرک (کے ای) کو مارچ میں فروخت ہونے والی بجلی کے لیے تقریباً 44 ارب روپے کے مجموعی مالیاتی اثرات کے ساتھ 4.83 روپے فی یونٹ اضافی فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ڈسکوز اور کے ای دونوں کے لیے اضافی ایف سی اے کو نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت الگ الگ عوامی سماعتوں میں حتمی شکل دی گئی جنہوں نے کہا کہ یہ اضافہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر کیا گیا ہے لیکن چند روز میں ڈیٹا اور شواہد کی مزید تصدیق کے بعد نوٹیفکیشن کے وقت اس میں قدرے فرق آسکتا ہے۔

باقاعدہ نوٹیفکیشن کے بعد نظرثانی شدہ نرخ مئی کے بلنگ مہینے میں صارفین سے وصول کیے جائیں گے اور اس سے ڈسکوز کے لیے تقریباً 29 ارب روپے، کے الیکٹرک کے لیے ساڑھے 7 ارب روپے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو تقریباً ساڑھے 7 ارب روپے جنرل سیلز ٹیکس کی شکل میں اضافی ریونیو میں حاصل ہوں گے۔

نیپرا نے کے ای کے لیے مارچ کے لیے 4.83 روپے فی یونٹ اضافی ایف سی اے کو حتمی شکل دی تاکہ 5.27 روپے اضافے کے لیے 8 ارب 60 کروڑ روپے کے مطالبے کی بجائے تقریباً ساڑھے 7 ارب روپے اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں۔

نیوز سورس ڈان نیوز