Ministers, Members of Provincial Assembly meet Punjab Chief

وزرا، اراکین صوبائی اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات: تحریک انصاف انتہائی سرگرم

eAwazپاکستان

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں گہری ہوتی دراڑوں کے سبب پنجاب میں اپنی حکومت برقرار رکھنے کے تحریک انصاف انتہائی سرگرم ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا اور اراکین صوبائی اسمبلی سے یقین دہانیوں اور وعدوں کے لیے ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں جاری سیاسی داؤ پیچ کے پیش نظر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے دفتر میں مصروف دن گزارا، درجنوں اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی وزرا سے ملاقاتیں کیں اور ان سے یہ یقین دہانیاں طلب کیں کہ وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے پر پی ٹی آئی کے ساتھ وفادار رہیں گے۔

پنجاب حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ اس نے مختلف وزرا اور ان اراکین صوبائی اسمبلی کی حمایت دوبارہ حاصل کر لی ہے جو پی ٹی آئی کے منحرف رہنما جہانگیر ترین یا سابق صوبائی وزیر علیم خان کی حمایت کر رہے تھے۔
وزیر اعلیٰ آفس کے مطابق تمام صوبائی وزرا، مشیروں، اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی نے عثمان بزدار کو یقین دلایا کہ وہ ہر طرح سے حکومت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ آفس کے مطابق قانون سازوں نے تسلیم کیا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ ان کی شکایات سنیں اور ان کے متعلقہ حلقوں کے مسائل حل کیے، اس کے علاوہ انہیں فراخدلی سے ترقیاتی فنڈز بھی دیے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ سازش کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں اور تحریک عدم اعتماد یقینی طور پر ناکام ہو گی۔