وزیراعظم شہباز شریف کا بیلاروس سے تعلقات نئی بلندی تک لےجانے کی خواہش کا اظہار

haroonپاکستان

وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس سے تعلقات کو نئی بلندی تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان بیلاروس تعلقات میں ایک یادگار دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، میری اور وفد کی مہمان نوازی کےلیے میں نے صدر بیلاروس کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر بیلاروس سے ملاقات میں ہم نے دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا اور سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط پر بات ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بیلاروس میں قومی تعمیر کےلیے ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہنرمند پاکستانیوں کو بھیجنے پر اتفاق ہوا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ صدر لوکا شینکو اور میں دو طرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔