Prime Minister Imran Khan had a one-on-one meeting with Russian President Putin

وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ون آن ون اہم ملاقات

eAwazپاکستان

ماسکو: وزیر اعظم عمران خان کی ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ون آن ون اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور گیس پائپ لائن منصوبے سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بین الاقوامی اور روس کی سرکاری میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال اور خصوصاً افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ بعد ازاں روسی صدر کی جانب سے وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی خطے اور جنوبی ایشیاء کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، روسی صدر اور وزیراعظم عمران خان نے نے باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

دوران ملاقات یوکرین اور روس کے درمیان جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
روسی صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے ظہرانہ بھی دیا۔

پیوٹن سےملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان سے روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک اور توانائی کے وزیر نیکولے شیلگینوف نے ایک وفد کےہمراہ ملاقات کی۔
اس کے بعد وزیراعظم روس کی کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے اور پھر دورہ مکمل کر کے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔
نیوز سورس ڈان نیوز