وزیراعظم عمران خان کی سری لنکن نیوی کے سربراہ وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن سے ملاقات

eAwazپاکستان

اسلام آباد: (ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک قابل اعتماد دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

یہ بات انہوں نے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن سے کہی جنہوں نے منگل کو ان سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے فروری 2021 میں اپنے سری لنکا کے دورے کو یاد کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو جامع طور پر اپ گریڈ کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پاکستان سری لنکا تعلقات کا کلیدی جزو اور خطے میں امن و استحکام کا عنصر رہا ہے۔ سری لنکن قیادت کے دورہ پاکستان کا منتظر ہوں۔

سری لنکا کے وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات پر زور دیا اور بین الاقوامی وعلاقائی فورمز پرحمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نیوز سورس دنیا نیوز