وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مبینہ دھمکی آمیز خط سنیئر صحافیوں اور اتحادیوں کو دکھائیں گے۔
اسلام آباد میں الیکٹرانک پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا یہ بیرون ملک سازش ہے، لوگ فیصلہ کرتے ہوئے سوچیں کہ آپ پاکستان کے خلاف سازش کا حصہ نہ بنیں۔
وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپنی جیب سے ایک خط نکالتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں آج قوم کے سامنے پاکستان کی آزادی کا مقدمہ رکھ رہا ہوں، میں الزامات نہیں لگا رہا، میرے پاس جو خط ہے، یہ ثبوت ہے اور میں آج یہ سب کے سامنے کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی شک کر رہا ہے، میں ان کو دعوت دوں گا کہ آف دا ریکارڈ بات کریں گے اور آپ خود دیکھ سکیں گے کہ میں کس قسم کی بات کر رہا ہوں۔
نیوز سورس ڈان نیوز