وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج بلا لیا گیا ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت بلائے گئے حکومتی اتحادیوں کے اجلاس میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ کی گئی، اس موقع پر حملہ آور کے قریب موجود ایک جرات مند نوجوان نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، بعد ازاں پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، سابق وزیر اعظم نواز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت تقریباً تمام ہی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے عمران خان پر حملے کی مذمت کی گئی اور عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔