اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے شرکا کو قومی اسمبلی اجلاس اور تحریک عدم اعتماد کے قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے سے متعلق بریفنگ دی جس کے بعد شرکاء کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شرکاء نے ارکان کی حاضری کا پتا چلانے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی، کچھ ارکان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں پتا چلا ہے، اس طرح ان کے نام سامنے آ جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے منخرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ہاؤس کو ہارس ٹریڈنگ کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو کارروائی کے لیے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کون سے ارکان ممکنہ طور پر کسٹڈی میں ہو سکتے ہیں، شرکاء کو اس حوالے سے تفصیل حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دے دیا ہے۔