اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے یورپیئن یونین کونسل کے صدر سے گفتگو میں روس اور یوکرین کے درمیان تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال سے ترقی پذیر ممالک پر بدترین معاشی اثرات مرتب ہوں گے لہٰذا حالات کو معمول پر لانے اور فوری سیز فائر کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے پیر کو اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے یوکرین کی صورتحال پر بات کی اور یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر تحفظات کے اظہار کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک پر مرتب ہونے والے اس کے مہلک معاشی اثرات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ جنگ بندی اور صورتحال کی شدت میں فوری کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
عمران خان نے انہوں نے انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان کی طرح کے ممالک اس صورتحال میں سہولت کاری کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
نیوز سورس ڈان نیوز