وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ووٹنگ سے متعلق حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

eAwazپاکستان

لاہور ہائی کورٹ نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی ووٹنگ سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نےکی۔

اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے وکیل اعظم نذیر تارڑ، (ق) لیگ کے وکیل سید علی ظفر، سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر ڈپٹی اسپیکر نے اپنے آفس کا چارج لے لیا ہے۔

نماز کے وقفے کے لیے تیسری بار ہونے والی سماعت دوبارہ شروع ہونے پر مسلم لیگ (ق) کے وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ پینل آف چیرمین میں 4 اراکین ہیں، رولز کے مطابق اگر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نہیں ہوں گے تو پینل آف چیئرمین سے پہلے نمبر پر موجود ممبر صدارت کرے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے وکیل اعظم نذیر تارڑ فریقین نے کہا کہ آپس میں مفاہمت سے کوئی تاریخ طے نہیں کر سکتے عدالت مناسب فیصلہ جاری کر دے، سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ بھی عدالت کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گزرتا لمحہ ضائع ہو رہا ہے کیوں کہ عوام کی خدمت کے لیے کوئی حکومت ہی موجود نہیں۔

وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب کے لیے ووٹنگ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔