The Prime Minister reached Jafarabad on a visit to the flood-affected areas

وزیرِاعظم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر جعفر آباد پہنچ گئے

eAwazپاکستان

وزیرِاعظم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر جعفر آباد پہنچ گئے
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں اللّٰہ ڈینو کے دورے پر پہنچ گئے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کو جعفر آباد پہنچنے پر سیلاب متاثرین کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں 10 لاکھ افراد کو خورک پہنچائی گئی، 9 لاکھ ایکڑ زرعی رقبہ زیرِ آب آ گیا ہے، کوئٹہ 26 اگست کو مکمل بلیک آؤٹ ہو گیا تھا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ قلعہ عبد اللّٰہ اور قلعہ سیف اللّٰہ کو سیلاب سے بہت نقصان پہنچا ہے، سیلاب سے 65 ہزار سے زائد گھر گر گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ خیموں کی ضرورت ہے، کل سے فضائی مدد دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف بلوچستان کے نصیر آباد ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے لیے سکھر پہنچے تھے۔

سکھر میں وزیرِ اعظم شہبا زشریف کی آمد پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، قائم مقام گورنر اور چیف سیکریٹری نے ان کا استقبال کیا۔

سیلابی علاقے کے دورے پر وزیرِ اعظم کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان بھی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے جعفر آباد جاتے ہوئے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریاں
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں مون سون بارشوں اور ان کے نتیجے میں سیلاب کے باعث تباہ کاریوں اور ہلاکتوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔

ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 33 ہو گئی ہے۔

چارسدہ ایک اور سیلابی ریلے کے نشانے پر آگیا، سیلاب سے مجموعی ہلاکتیں 1 ہزار سے متجاوز

پاکستان بھر کے 110 اضلاع میں 57 لاکھ 73 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے مجموعی طور پر ساڑھے 9 لاکھ مکانات، 3 ہزار 451 کلو میٹر سڑکوں اور 149 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔