وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شیلا جیکسن کے انتقال پر اظہارِ افسوس

eAwazپاکستان

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ کانگریسی رکن شیلا جیکسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ شیلا جیکسن پاکستان امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کی چیمپئن تھیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شیلا جیکسن کی خدمات کو آنے والے سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ کانگریسی رکن شیلا جیکسن لی انتقال کر گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 74 سالہ شیلا جیکسن لی کو لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، ان کا انتقال جمعہ کو ہوا تھا۔

ستمبر 2022ء میں حکومتِ پاکستان نے شیلا جیکسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلالِ پاکستان سے نوازا تھا۔

شیلا جیکسن لی گزشتہ تین دہائیوں سے کانگریس کی رکن رہیں اور وہ زیادہ تر ہسپانوی، سیاہ فام اور پاکستانی کمیونٹی کی کانگریس میں آواز تھیں۔

شیلا جیکسن کے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گہرے روابط تھے، ماضی میں جب پاکستانی صحافیوں کا وفد امریکا آیا تو انہوں نے ان کا نہ صرف خیرمقدم کیا بلکہ ان کو کانگریس کی جانب سے تہنیتی سرٹیفکیٹ بھی دیے۔