وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بیرون ملک ایجنڈے پر حکومت کو گرانے کی کوشش اور ملک میں ہونے والی غداری کے خلاف آج اسلام آباد ریڈ زون کے باہر پرامن احتجاج کریں گے۔
عوام کے سوالات کا براہِ راست جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج کل جو پاکستان کی صورتحال بنی ہوئی ہے اس سلسلے میں سوچا ہے کہ میں آپ کے سامنے آکر آپ کے سوالات کا جواب دوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اور میری ٹیم نے اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اس لیے کیا گیا کہ ساڑھے تین سال سے اپوزیشن کہہ رہی تھی حکومت نااہل ہے، یہ عوام میں جائیں گے تو عوام انہیں انڈے ماریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے تو انتخابات کا اعلان کردیا ہے، تو اب یہ سپریم کورٹ کیوں جارہے ہیں، یہی آپ کہتے تھے کہ یہ حکومت نااہل اور سلیکٹڈ ہے، اب ہم نے الیکشن کا اعلان کردیا ہے تو آپ سپریم کورٹ میں کیا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ حکومت بحال ہو، عوام کے فیصلے سے واپس آنا بہتر ہے یا ایک باہر کی سازش کا حصہ بن کر، پارلیمنٹیرینز کے ضمیر خرید کر حکومت بنانا بہتر ہے۔
نیوزسورس ڈان نیوز