Foreign Minister Bilawal Bhutto and Secretary of State Anthony Blankenship.

وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت اور سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے لیے آج امریکا پہنچیں گے

eAwazپاکستان

پاکستان اور امریکا کی خارجہ پالیسی سربراہان دونوں ممالک کے تعلقات کو بحال کرنے کی کوششوں میں رواں ہفتے نیویارک میں متعدد ملاقاتیں کریں گے۔

خبر کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری فوڈ سیکیورٹی سے متعلق امریکا کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت اور امریکا کی خارجہ پالیسی کے سربراہ سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے لیے آج امریکا پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو زرداری کو 18 مئی کو منعقد ہونے والے ’گلوبل فوڈ سیکیورٹی کال ٹو ایکشن‘ پر وزارتی اجلاس کے لیے مدعو کیا تھا۔

وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ اجلاس علاقائی طور پر متنوع ممالک کے گروپ کو اکٹھا کرے گا جن میں غذائی عدم تحفظ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی پوزیشن میں ہونے والے ممالک شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرا کو انسانی ضروریات اور زندگیوں کو بچانے اور مستقبل کے لیے لچک پیدا کرنے کے لیے درکار طویل المیعاد ترقیاتی کوششوں پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی امریکا کی صدارت میں ہونے والی بحث میں وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری بھی 19 مئی کو ’بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی و تنازعات اور غذائی تحفظ‘ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کھلی بحث میں شرکت کریں گے۔

تاہم، سفارتی مبصرین یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں عالمی غذائی تحفظ کو لاحق خطرات سے متعلق کانفرنس میں وزیر خارجہ کی شرکت کو تنازع پر غیر جانبداری کے اپنے موقف سے الگ ہونے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے دو اجلاسوں میں پاکستان کے نقطہ نظر اور پالیسی ترجیحات کو اجاگر کریں گے اور تنازعات، غربت اور بھوک سے پاک دنیا کے مستحکم اور مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں گے۔