پاکستان، چین کے درمیان تیل، گیس کے ذخائر ڈھونڈنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

eAwazپاکستان

پاکستان اور چین کے درمیان شیل اور ٹائٹ گیس کے ذخائر ڈھونڈنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے جب کہ پاکستان کی جانب سے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) اور چین کی سی سی ڈی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

نیوزکے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی توانائی کمپنیوں کے وفد نے آٹھویں سلک روٹ ایکسپو میں شرکت کی جس میں پاکستان کے توانائی کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے چینی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا گیا۔

گول میز ملاقاتوں کے سلسلے کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے شانسی انرجی بیورو، یان چانگ پیٹرولیم گروپ، ہوا لو انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گروپ، شنگھائی الیکٹرک، شانسی بلور گروپ، چائنا ٹیپیکل گروپ اور ہانگژو مائی با امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی لمیٹڈ سمیت معروف چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے چین کے شہر ژیان میں ایکسپو کے لیے قائم کیے گئے پاکستان پویلین میں ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ(پی پی ایل)، ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل)، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ(ایف ایف سی) اور تھر کول انرجی بورڈ سمیت پاکستانی کمپنیوں نے ایکسپو میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ میمورنڈم آف انڈراسٹینڈنگ (ایم او یو) کے تحت شیل اور ٹائٹ گیس کے ذخائر دریافت کرنے کے اقدامات سے پاکستان کو توانائی ضرورت مقامی وسائل سے پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب چین میں آٹھویں سلک روڈ انٹرنیشنل ایکسپو برائے تجارت وسرمایہ کاری فورم کے موقع پر ہوئی۔

تقریب میں شریک وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پاک چین تعاون اور اشتراک آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوگا۔