واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان نے سیکورٹی چیک پوسٹ پرحملے کے بعد جواب میں فضائی کارروائی کی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ رپورٹس کے مطابق پاکستان کے فضائی حملے جوابی کارروائی تھی جو چیک پوسٹ پر خود کش حملے کے بعد کی گئی۔ چیک پوسٹ پرحملے میں پاکستانی فوجیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین دوسروں پر حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ پاکستان اور افغانستان اختلافات حل کریں۔ افغانستان دوبارہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بننے اس بارے میں پرعزم ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں اور ایک بار پھر دہرا رہے ہیں کہ پاکستان امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ دو طرفہ معاملات اور انسداد دہشتگردی پر پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔