کراچی: پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہےکہ پاکستان سے تعلقات آگے بڑھانا آج بھی ہماری ترجیح ہے۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفد کے ہمراہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور روایتی گھنٹہ بجا کر کاروبارکاآغازکیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ آنے پر خوشی ہے، پہلی بار آیا جو ایک اچھا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال پاک امریکا 75 سالہ تعلقات کا دور مکمل ہورہا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات آگے بڑھانا آج بھی ہماری ترجیح ہے۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں امریکی سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں، امریکی کمپنیاں بہترین مصنوعات تیارکررہی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ امریکی کمپنیاں پاکستان آئیں۔
امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان سے اچھے تجارتی تعلقات بہترین بنانےکے اقدامات کرنے ہیں۔