پاکستان میں موجودہ الیکشن بے مقصد بن چکا ہے جو انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دے گا؛ شاہد خاقان عباسی

eAwazپاکستان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجودہ الیکشن بے مقصد بن چکا ہے جو ملک کو انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دے گا۔

گھوڑا گلی اور مری روڈ منصوبے میں خرد برد کے الزام میں اینٹی کرپشن آفس راولپنڈی پہنچنے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا نیب اور اینٹی کرپشن کے ادارے صرف الیکشن اور سیاست میں جوڑ توڑ کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا مجھ پر الزام ہے کہ دو سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکے من پسند افراد کو دیے، محکمے سے پوچھا گیا تو جواب آیا کہ دونوں سڑکیں بنی ہی نہیں، نیب، اینٹی کرپشن کے ادارے ملک کے کرپٹ ترین ادارے بن چکے، ان کا احتساب کون کرےگا۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا جو الیکشن نہیں لڑ رہے ان کے ساتھ یہ ہو رہا ہے، جو الیکشن لڑ رہے ہیں ان کا کیا حال کیا جاتا ہو گا، الیکشن مقدس عمل ہے اس کو متنازع بنانے سے ملک کو نقصان ہو گا، یہ صرف الیکشن کے عمل میں ہراساں کیے جانے کا ایک انداز ہے۔