پاکستان نے نیلم جہلم پروجیکٹ سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا

eAwazپاکستان

پاکستان نے اس بھارتی پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا کہ چینی انجینئرز اور عملے نے 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی مرمت ترک کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت ایک بار پھر پن بجلی منصوبے کے بارے میں جھوٹی اور بے بنیاد رپورٹس کا چرچا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ میں ایک خرابی کا پتا چلا ہے اور فی الحال اس کے تدارک کا کام جاری ہے جس کے لیے متعلقہ ادارے، چین کے گیزوبا گروپ سے رابطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گروپ پہلے ہی سائٹ پر مکمل متحرک ہو چکا ہے اور اس وقت کام بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے جاری ہے جبکہ 2023 میں منصوبے کی تکمیل متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کام روکنے یا نام نہاد ترک کرنے کی کسی بھی رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان رپورٹس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کرنا ہے جس کا مقصد پاک چین تعلقات کے بارے میں تنازع کو ہوا دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرز، دونوں ممالک اور عوام کے فائدے کے لیے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔