وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل سی پیک کی کامیابی پر منحصر ہے، گوادر کی بندرگاہ سی پیک میں اہم کردار ادا کرے گی، قومی ترقی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہے۔
پاکستان نیول اکیڈمی میں 117 ویں مڈشپ مین اور 25 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج کمشنگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں،یقین ہے کہ خواتین کیڈٹس کی کمشنگ ملک کی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہوگی۔
وزیر اعظم نے کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی بہترین تربیت فراہم کر رہی ہے، دیگر ممالک کے یہ کیڈٹس پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہاز شریف کا کہنا ہے کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی مسلح افراج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
خطاب سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ دورانِ تربیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
بحرین سے تعلق رکھنے والے مڈ شپ مین عدنان محمد ابراہیم نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی، کیڈٹ سمعیہ سجاد نے کمانڈنٹ گولڈ میڈل کا اعزاز حاصل کیا۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچے، وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اُن کا استقبال کیا۔
دورے کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شریک ہونگے۔
وزیرِ اعظم کی دورۂ کراچی میں ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے وفد سے بھی ملاقات ہوگی، وہ آج شہید بے نظیر آباد اور نواب شاہ بھی جائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کریں گے۔