پاکستان کیخلاف جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا معمول کا سیاسی آلہ بن چکے ہیں، آرمی چیف

eAwazپاکستان

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا ایک معمول کا سیاسی آلہ بن چکے ہیں۔

آرمی چیف نے حاجی پیر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور جوانو ں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔

آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی جس کے بعد پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ آرمی چیف نے پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی لگن، بلند حوصلے اور عزم کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ اپنے ملک اور ہم وطنوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بطور فوجی ہم ڈیوٹی کے دوران اپنے گھروں اور پیاروں سے دور اس طرح کے تہوار منانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور اشتعال انگیزیوں سے اپنی جارحیت اور کشمیری عوام کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، اس طرح کے ہتھکنڈے بشمول جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا ایک معمول کا سیاسی آلہ بن چکے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے لیکن کسی بھی اشتعال انگیزی یا پاکستان کی علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی کا فوری اور پرعزم جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا اور کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جاری ظلم و بربریت کی مذمت بھی کی۔