انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔
آئی جی پنجاب نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی، جس میں چینی باشندوں، انجینئرز، ماہرین اور کاروباری وفود کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی الرٹ ہے، چینی ماہرین، سرمایہ کاروں اور باشندوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، دفاتر، ورکنگ سائٹس کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، چین انفارمیشن شیئرنگ، جدید ٹریننگ اور کیپسٹی بلڈنگ میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔
چینی قونصل جنرل نے چینی ماہرین اور شہریوں کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس چینی شہریوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔